جون 10, 2026

امریکا کا ایران پر حملہ ، سیریک اور قشم پر میزائل حملے، بندر عباس میں دھماکوں کی آوازیں

امریکا نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز کے قریب اپنا جدید فوجی اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرائے جانے کے جواب میں ایران کے خلاف باقاعدہ جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق یہ حملے دفاعی نوعیت کے ہیں جن میں ایران کے ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

​ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے مشرقی علاقوں، سیریک اور جزیرہ قشم میں میزائل حملے ہوئے ہیں جبکہ بندر عباس میں بھی زوردار دھماکے سنے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد تہران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں پاسدارانِ انقلاب نے جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے اور اطلاعات کے مطابق ایرانی فورسز کی جانب سے خطے میں موجود امریکی اہداف کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

​دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ رہے ہیں۔ ادھر ایرانی نائب وزیر خارجہ نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ جنوبی ایران میں حملوں کے بعد حکام کا کہنا ہے کہ تہران، میناب یا بندر عباس میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور صورتحال قابو میں ہے۔