جون 7, 2026

پی سی بی میں بڑی تبدیلیاں متوقع؛ یونس خان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور محمد حفیظ ڈائریکٹر کرکٹ بننے کے قوی امکانات

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں کو بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ میں انتہائی اہم اور کلیدی ذمہ داریاں دیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق، مایہ ناز سابق کپتان اور مڈل آرڈر بیٹر یونس خان کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ بنائے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جبکہ اس اہم عہدے کے ساتھ ساتھ یونس خان کو قومی سلیکشن کمیٹی کا باضابطہ حصہ بھی بنائے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کو پی سی بی کا ‘ڈائریکٹر کرکٹ انٹرنیشنل’ مقرر کیے جانے کی تجویز زیرِ غور ہے اور انہیں بھی ہیڈ کوچ کی طرح قومی سلیکشن کمیٹی میں اہم ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ پی سی بی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ان بڑی تبدیلیوں کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم کے موجودہ کوچ سرفراز احمد اور کپتان شان مسعود کو ان کے عہدوں سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، تاہم سابق کپتان سرفراز احمد پاکستان شاہینز ٹیم کے ساتھ کوچنگ کی اپنی ذمہ داریاں بدستور جاری رکھیں گے۔