کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار) بار ایسوسی ایشن کھاریاں میں جدید سہولیات سے آراستہ ای لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گجرات راجہ قمر سلطان نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اپنے دستِ مبارک سے ای لائبریری کا افتتاح کیا، جبکہ اس موقع پر خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کھاریاں ممتاز احمد تارڑ اور سینیئر سول جج کھاریاں مطیع الرحمان بھی موجود تھے۔ معزز جج صاحبان نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر اس جدید منصوبے کا آغاز کیا۔
تقریب میں صدر کھاریاں بار ایسوسی ایشن چوہدری خالد حسین شیخوچک ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری چوہدری وقار امجد مرالہ ایڈووکیٹ، فنانس سیکرٹری چوہدری ذیشان اعظم گوندل ایڈووکیٹ اور چوہدری شبیر حسین گوندل ایڈووکیٹ سمیت وکلاء برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے معزز جج صاحبان کا بھرپور استقبال کیا اور ای لائبریری کے قیام کو قانونی شعبے میں جدید تحقیق کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے وکلاء اور قانون کے طلبہ کو جدید قانونی مواد اور آن لائن ریسرچ تک آسان رسائی حاصل ہوگی، جس سے ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔





