ڈنگہ میں پولیس پارٹی اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو زیرِ حراست ملزمان ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس پارٹی سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان محمد سجیل اور ابوبکر کو برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ بدھوال کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح افراد نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس حملے کے دوران مسلح افراد اپنے ساتھیوں کو چھڑوا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سرچ آپریشن کے دوران پنجن شہانہ کے قریب دونوں ملزمان زخمی حالت میں پائے گئے، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے تھے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان گزشتہ ماہ بدھوال میں بزرگ میاں بیوی کے بہیمانہ قتل اور ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھے، جن سے 40 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ مال بھی برآمد کیا جا چکا تھا۔ پولیس کی جانب سے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔





