چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے گزشتہ شب تحصیل لیول ہسپتال (THQ) ڈنگہ اور رورل ہیلتھ سنٹر (RHC) ڈنگہ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران سی ای او ہیلتھ نے تحصیل ہسپتال کی ایمرجنسی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کی روشنی میں مریضوں کی حالت کے مطابق بیڈز کے "کلر کوڈ سسٹم” کا معائنہ کیا، جس پر انہوں نے عملہ کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ کا معائنہ کیا اور وارڈز میں داخل مریضوں سے علاج و معالجہ اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے براہ راست فیڈبیک حاصل کیا۔ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ سی ای او ہیلتھ نے مریضوں کے ٹریٹمنٹ چارٹس کا بھی بغور مشاہدہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز و نرسز کو مریضوں کی بہتر نگہداشت کی تاکید کی۔ بعد ازاں، رورل ہیلتھ سنٹر ڈنگہ کے انتظامی دورے کے دوران عملہ کی حاضری چیک کی گئی اور غیر حاضری پر متعلقہ عملہ اور انچارج سے فوری وضاحت طلب کرنے کے احکامات جاری کیے۔





