کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو دنیا بھر کی پرکشش ٹی ٹوئنٹی لیگز سے دور رکھنے اور ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت برقرار رکھنے کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، کپتان پیٹ کمنز کا فوکس ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز رکھنے کے لیے انہیں 12 ملین آسٹریلوی ڈالرز کے ایک بھاری معاوضے کی پیشکش کی گئی ہے۔ اس معاہدے کا مقصد یہ ہے کہ پیٹ کمنز 2029 تک ٹیسٹ کرکٹ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
رپورٹس کے مطابق، کرکٹ آسٹریلیا نے کمنز کو سالانہ 4 ملین ڈالرز کے عوض تین سالہ معاہدے کی پیشکش کی ہے۔ صرف کمنز ہی نہیں، بلکہ تینوں فارمیٹس کے اسٹار کھلاڑی ٹریوس ہیڈ اور مارنس لبوشین کے ساتھ بھی اسی طرز کے طویل مدتی معاہدوں کے لیے بات چیت جاری ہے۔ ہیڈ آف کرکٹ جیمز ایلسوپ کا کہنا ہے کہ یہ کھلاڑی طویل عرصے سے آسٹریلیا کے لیے بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں اور وہ ایسے پرکشش معاہدوں کا حق رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کو اگلے 12 ماہ کے دوران 21 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سخت شیڈول کا سامنا ہے۔





