کھاریاں ( بیورو چیف) کھاریاں میں ایک نجی بینک کے عملے کی جانب سے اوورسیز بزرگ خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر لاکھوں روپے کے غبن کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاتون، جو کہ یورپی شہریت رکھتی ہیں، کا کہنا ہے کہ بینک مینجر اور دیگر عملے نے ملی بھگت کر کے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی ہڑپ کر لی اور اصل رقم کے بدلے انہیں جعلی اور کٹے پھٹے کاغذات تھما دیے۔ متاثرہ بزرگ خاتون نے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیارِ غیر میں خون پسینہ بہا کر کمائی گئی رقم بھی اب اپنے ہی ملک کے بینکوں میں محفوظ نہیں رہی، جو کہ پورے بینکاری نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

خاتون نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ یہ محض ایک فرد کا نقصان نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کا قتل ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ خاتون کا موقف ہے کہ اگر ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک نہ پہنچایا گیا تو ایسے جرائم کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی رقم واپس دلائی جائے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دے کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔





