اکتوبر 29, 2026

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست ‘فضول’ قرار، عدالت نے وکیل پر جرمانہ عائد کر دیا

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست کو غیر ضروری اور فضول قرار دے کر خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے نہ صرف درخواست مسترد کی بلکہ درخواست گزار وکیل فیصل ملک پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا، جو ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی ڈسپینسری میں غریب مریضوں کے علاج کے لیے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں واضح کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا طریقہ کار طے کر چکی ہے، لہٰذا ٹرائل کورٹ اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں، جوڈیشل تحویل میں نہیں، اور بار بار ایسی درخواستیں دائر کرنا عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔