اپریل 28, 2026

پنجاب حکومت گلیات کے پانی کی مد میں خیبرپختونخوا کی 64 ارب روپے سے زائد کی نادہندہ نکلی، ادائیگی کا مطالبہ

خیبرپختونخوا حکومت نے گلیات سے مری کو فراہم کیے جانے والے پانی کے عوض پنجاب حکومت سے 64 ارب 62 کروڑ روپے کے بقایاجات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وفاق اور حکومتِ پنجاب کو باضابطہ مراسلے بھیجے گئے ہیں، جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 1947 سے اب تک مری واٹر بورڈ کسی بھی قانونی معاہدے یا معاوضے کے بغیر روزانہ 5 لاکھ گیلن پانی حاصل کر رہا ہے۔ کے پی حکومت کے مطابق گلیات خود پانی کے بحران کا شکار ہے، جبکہ مری واٹر بورڈ غیر مجاز طور پر وہاں سے پانی منتقل کر رہا ہے۔ مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈونگا گلی میں گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر 20 لاکھ گیلن واٹر ٹینک کی تعمیر فوری روکی جائے اور تمام قدرتی چشموں و آبشاروں پر خیبرپختونخوا کا حقِ ملکیت تسلیم کیا جائے۔ مزید برآں، مطالبہ کیا گیا ہے کہ حتمی معاہدے تک اڑھائی لاکھ گیلن پانی گلیات کو دیا جائے اور بقیہ پانی کی قیمت مارکیٹ ریٹ پر ادا کی جائے۔ مشیرِ خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ پنجاب اب خیبرپختونخوا کا اربوں روپے کا نادہندہ ہے، جس کی فوری ادائیگی ناگزیر ہے۔