اپریل 26, 2026

جہلم؛ شہری کو برہنہ کر کے تشدد کرنے اور ویڈیو بنا کر بھتہ لینے والے 2 مرکزی ملزمان گرفتار، ڈی پی او کا سخت ایکشن

جہلم (محمد زاہد خورشید ) تھانہ ڈومیلی کی حدود میں ایک شہری کو برہنہ کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کی غیر اخلاقی ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے افسوسناک واقعے پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے برق رفتار کارروائی کرتے ہوئے وقوعہ میں ملوث دو مرکزی ملزمان کو پابندِ سلاسل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان نے شہری کو نہ صرف غیر قانونی طور پر حبسِ بے جا میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کی برہنہ ویڈیو بنا کر اسے ہراساں کیا اور بھتہ بھی وصول کیا۔ اس سنگین جرم کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جہلم نے سخت احکامات جاری کیے، جس پر تھانہ ڈومیلی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو ٹریس کیا اور انہیں گرفتار کر لیا۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال اور عزت و وقار پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور ایسے سفاک عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا تاکہ معاشرے میں عبرت قائم ہو۔