اپریل 26, 2026

تھانہ گلیانہ؛ شرپسندوں نے کریانہ سٹور کو آگ لگا دی، 15 لاکھ کا سامان خاکستر، متاثرہ شہری کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل

کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار) تحصیل کھاریاں کے تھانہ گلیانہ کی حدود میں واقع علاقے ٹھوٹھہ رائے بہادر میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک مقامی کریانہ سٹور کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس لرزہ خیز واقعے میں دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء خوردونوش جل کر راکھ ہو گئی ہیں۔

متاثرہ دکاندار یاسر شہزاد ولد محمد حنیف کے مطابق، ان کی دکان میں ایک محتاط اندازے کے مطابق 15 لاکھ روپے کا سامان موجود تھا، جو اب مکمل طور پر خاکستر ہو چکا ہے۔ یاسر شہزاد نے بتایا کہ صبح جب انہیں اس واقعے کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کی۔ اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس چوکی سے دو اہلکار موقع پر پہنچے اور واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کی۔

بعد ازاں، یاسر شہزاد نے اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ تھانہ گلیانہ میں باقاعدہ تحریری درخواست جمع کروا دی ہے۔ پولیس حکام نے سائل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ متاثرہ شہری نے ڈی پی او گجرات، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ گلیانہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین واردات میں ملوث شرپسندوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ یاسر شہزاد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی اپیل کی ہے کہ ان کی داد رسی کی جائے اور ہونے والے بھاری مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔