لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زراعت کے شعبے میں انقلاب لانے کے لیے "اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم” پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 ہزار 812 زرعی لاٹس تقسیم کی جائیں گی جن سے براہِ راست 88 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوں گے۔ پنجاب حکومت کے اعلامیے کے مطابق دیہات میں مقیم بے روزگار کاشتکاروں کو 10 سال کے لیے 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی اراضی فراہم کی جائے گی، جسے صرف زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا اور وہاں کسی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔ کاشتکار اپنی مرضی کے مطابق فصلیں کاشت کرنے میں آزاد ہوں گے اور حکومتِ پنجاب آباد کاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک کی ون ٹائم گرانٹ بھی فراہم کرے گی۔ خواہشمند کاشتکار 2 سے 18 مئی تک اس اسکیم کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں، جبکہ ایک خصوصی کمیٹی سال میں دو مرتبہ ان زرعی زمینوں کا دورہ کر کے کاشتکاری کے عمل کا باقاعدہ جائزہ لے گی۔




