اپریل 24, 2026

لالہ موسیٰ: خاتون کو قتل کر کے دفنانے والے دو ملزمان گرفتار، لرزہ خیز واردات کا ڈراپ سین

گجرات (پریس ریلیز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایت پر تھانہ سٹی لالہ موسیٰ پولیس نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شادی شدہ خاتون کے اغواء اور قتل کی لرزہ خیز واردات کا معمہ چند روز میں حل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مسمی محمد اشرف کی مدعیت میں درج اغواء کے مقدمے پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پی احسان ظفر سندھو کی نگرانی میں ایس ایچ او انسپکٹر ناصر محمود اور سب انسپکٹر شبیر حسین چیمہ پر مشتمل ٹیم نے مرکزی ملزم ارسلان کو گرفتار کیا۔

​دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے پروین بی بی کو بہانے سے بلا کر زمینوں میں لے جا کر اس کے اپنے دوپٹے سے گلا گھونٹ کر قتل کیا اور اپنے ساتھی حق نواز کی مدد سے نعش کو گڑھا کھود کر دفنا دیا تھا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر نعش برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کروایا اور دوسرے ملزم حق نواز کو بھی گرفتار کر لیا، جس نے نعش چھپانے میں مدد کے عوض ایک ہزار روپے وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کرائم سین یونٹ کی مدد سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔