اپریل 23, 2026

ملک بھر کے ائیرپورٹس پر "ون اسکینر” سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ، تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے مسافروں کو بڑی سہولت ملے گی

حکومت نے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر مسافروں کی سہولت اور چیکنگ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے تمام اداروں کی مشترکہ تلاشی اور مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت دفاع اور داخلہ کا ایک مشترکہ اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ائیرپورٹس پر سیکیورٹی اقدامات اور عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب ائیرپورٹس پر مختلف مقامات پر تلاشی کے بجائے ایک ہی اسکینر کے ذریعے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ چیکنگ ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ائیرپورٹس پر جدید ترین اسکیننگ مشینری نصب کی جائے گی تاکہ سیکیورٹی پر سمجھوتہ کیے بغیر عمل کو تیز بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی اسکینر پر مشترکہ چیکنگ سے نہ صرف مسافروں کے وقت کی بچت ہوگی بلکہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے سیکیورٹی کا نظام بھی مزید فول پروف ہو جائے گا۔