گلیقنہ ( ڈاکٹر انصر فاروق مغل) قصبہ ملکہ کا رورل ہیلتھ سنٹر تاحال بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے مشین، الٹرا ساؤنڈ مشین، ای سی جی (ECG) مشین اور ڈینٹل سرجن کی عدم دستیابی مریضوں کے لیے بڑی پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔
اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ معمولی ٹیسٹ اور تشخیص کے لیے بھی انہیں دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔

خصوصاً ایمرجنسی کی صورت میں بروقت سہولیات نہ ہونے سے مریضوں کی جان کو بھی خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
شہریوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ میں فوری طور پر ضروری مشینری فراہم کی جائے اور ڈینٹل سرجن سمیت دیگر طبی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو ان کے دہلیز پر بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

گزشتہ روز سی ای او ہیلتھ نے سنٹر کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبہ جات کا جائزہ لینے کے بعد “سب اوکے” کی رپورٹ دے کر روانہ ہو گئے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں اور ہسپتال کے مسائل بدستور حل طلب ہیں۔
اہلیان علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




