اپریل 20, 2026

بابر اعظم ہمیشہ سے ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، ان کے 30-35 رنز بھی لوگوں کو کم لگتے ہیں، اظہر محمود

پشاور زلمی کے اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ اظہر محمود نے کپتان بابر اعظم کی حالیہ فارم اور تنقید پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر کی کارکردگی کبھی اتنی بری نہیں رہی جتنا اسے بنا کر پیش کیا جاتا رہا۔ کراچی میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابر نے کرکٹ میں اسکور کے ایسے معیار قائم کر دیے ہیں کہ اب لوگوں کو ان کے 30 یا 35 رنز بھی کم لگتے ہیں۔

اظہر محمود کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک "پراپر کرکٹنگ شاٹس” کھیلنے والے کھلاڑی ہیں، وہ غیر ضروری مار دھاڑ کے بجائے تکنیک پر بھروسہ کرتے ہیں اور آج انہوں نے آؤٹ اسٹینڈنگ کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت 180 یا 190 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والا کوئی کھلاڑی موجود نہیں ہے، لیکن بابر اعظم کے ساتھ ٹیم کو بیٹنگ میں وہ تسلسل ملتا ہے جو کسی اور کے پاس نہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ درمیان میں بابر کو درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا تھا، تاہم پوری ٹیم کی خواہش تھی کہ وہ اپنی سنچری مکمل کریں۔

پشاور زلمی کے اسکواڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ ہم نے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کا انتخاب کیا ہے اور ہماری بینچ اسٹرینتھ کافی مضبوط ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بس ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے۔