پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری شراکتوں (Century Partnerships) کا ویرات کوہلی کا عالمی ریکارڈ برابر کر کے دنیائے کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے، پاکستان سپر لیگ کے حالیہ میچ میں بابر اعظم نے کوشال مینڈس کے ساتھ مل کر ایک اور سو رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، جو ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی مجموعی طور پر 47 ویں سنچری شراکت تھی، بھارت کے مایہ ناز پلیئر ویرات کوہلی نے بھی اب تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 47 مرتبہ سنچری پارٹنرشپس بنائی ہیں اور اب بابر اعظم ان کے ساتھ مشترکہ طور پر اس فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں، اس کے علاوہ بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 18 مرتبہ سنچری شراکتیں بنانے کا منفرد اعزاز بھی برقرار رکھا ہوا ہے، کرکٹ ماہرین بابر اعظم کی اس مستقل مزاجی کو عالمی کرکٹ کے لیے ایک بڑی مثال قرار دے رہے ہیں۔




