ایران کی مسلح افواج نے آبنائے ہرمز سے امریکی جنگی جہازوں کے گزرنے سے متعلق امریکی فوج کے دعوے کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے بیانات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حساس آبی گزرگاہ میں کسی بھی بحری جہاز کی آمد و رفت کا مکمل اختیار اور کنٹرول صرف ایرانی افواج کے پاس ہے۔ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے دو گائیڈڈ میزائل بردار بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز سے گزر کر خلیج عرب میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا مشن شروع کیا ہے اور مستقبل میں اس آپریشن میں مزید فوج اور زیرِ آب ڈرونز شامل کیے جائیں گے۔ تاہم، تہران نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خطے کی سیکیورٹی پر ان کی گرفت مضبوط ہے اور امریکی بیانات حقائق کے منافی ہیں۔





