اکتوبر 29, 2026

پرنس سلطان ایئر بیس کو نشانہ بنایا، امریکی ففتھ فلیٹ پر بھی حملہ کیا: ایرانی ترجمان

ایران کے ختم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب میں قائم پرنس سلطان ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ ایئر بیس خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایئر بیس پر موجود امریکی جاسوس طیاروں کو بیلسٹک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ مزید دعویٰ کیا گیا کہ بحرین میں تعینات امریکی ففتھ فلیٹ کو بھی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے ہدف بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ایران کے بجلی کے نظام کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی کارروائی کا جواب اسی سطح پر دیا جائے گا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق اگر ایرانی پاور پلانٹس پر حملہ کیا گیا تو اسرائیلی بجلی گھروں سمیت ان تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا جو امریکی اڈوں کو بجلی فراہم کرتی ہیں۔ اس صورتحال کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔