اپریل 17, 2026

اڈیالہ جیل میں عمران خان کی آنکھ کا تفصیلی معائنہ

عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا اڈیالہ جیل میں دوبارہ تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا جہاں پانچ رکنی میڈیکل بورڈ نے دو گھنٹے تک ان کی آنکھ کا فالو اپ چیک اپ کیا۔ ذرائع کے مطابق معائنے کے دوران ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں جبکہ جدید طبی آلات اور سرکاری ایمبولینس کے ساتھ ماہرین امراض چشم کی ٹیم جیل پہنچی۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل عمران خان کی آنکھ کا علاج پمز اسپتال میں دو مرتبہ کیا جا چکا ہے اور اب انہیں تیسرا انجیکشن لگایا جانا متوقع ہے، جس سے پہلے ڈاکٹرز آنکھ کی بہتری کا مکمل جائزہ لے رہے ہیں۔

یہ میڈیکل بورڈ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر تشکیل دیا گیا ہے، جس نے چیف کمشنر کو ہدایت کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے مکمل انتظام کیا جائے۔ میڈیکل ٹیم اپنی رپورٹ جلد پیش کرے گی جس کے بعد آئندہ علاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر عمران خان کی اپنے بچوں سے فون پر بات کروائی جائے گی اور ان کے بچوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم انہیں ملکی قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔