پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے اپنے بارے میں جھوٹی خبر نشر کرنے پر ایک نجی ٹی وی چینل اور اس کے صحافی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔ سلمان مرزا نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس قانونی نوٹس کی تصدیق کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔
لیگل نوٹس میں چینل اور متعلقہ صحافی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر خبر پر معافی مانگیں اور اسے اپنے تمام پلیٹ فارمز سے حذف کریں۔ نوٹس کے مطابق اگر سات دن کے اندر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ نجی ٹی وی کی جانب سے نشر کی گئی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کینڈی کے ایک ہوٹل میں سلمان مرزا نے ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس خبر کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے غیر مصدقہ اور گمراہ کن قرار دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ بغیر تصدیق اس طرح کی خبریں نشر کرنا غیر ذمہ دارانہ صحافت کے زمرے میں آتا ہے اور بورڈ اس معاملے پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔





