اکتوبر 29, 2026

پاکستان ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی، وزیراعظم شہباز شریف نے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا

پاکستان ہاکی ٹیم نے مصر میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی دکھائی اور 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ وطن واپسی پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کرن ڈار، منسٹری آئی پی سی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آفیشلز نے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے گئے، پھول نچھاور کیے گئے اور ہار بھی پہنائے گئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پرو ہاکی لیگ اور ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاری کی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ ہاکی ورلڈ کپ 14 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں شروع ہوگا۔ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ میں بیلجیئم، اسپین، بھارت اور انگلینڈ کے خلاف میچز کھیلے گی۔