اکتوبر 28, 2026

ایران کے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب: اسرائیلی میڈیا کا مجتبیٰ خامنہ ای کے نام کا دعویٰ، تہران میں سوگ کا سماں

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ انتخاب 88 رکنی ‘اسمبلی آف ایکسپرٹس’ (مجلسِ خبرگان رہبری) کی جانب سے کیا گیا ہے، تاہم ایرانی حکام نے تاحال اس دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ اس سے قبل یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ مجلسِ خبرگان کے ارکان نئے قائد کے انتخاب کا عمل آن لائن مکمل کر رہے ہیں، کیونکہ قم میں واقع مجلس کی عمارت کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں تباہ کر دیا گیا تھا، خوش قسمتی سے عمارت خالی ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ ایرانی آئین کے تحت سپریم لیڈر کا انتخاب مکمل طور پر اس 88 رکنی کونسل کے ہاتھ میں ہوتا ہے جس کے ارکان کا انتخاب عوام براہِ راست ووٹوں سے کرتے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین مشہد میں ہوگی، جبکہ تہران کے امام خمینی ہال میں آج سے جمعہ تک بڑے تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، تاہم تدفین کے حتمی دن کا اعلان ابھی باقی ہے۔