اپریل 18, 2026

ڈنگہ: 6 کروڑ روپے کی لاگت سے 8 محلوں کے نکاسی آب کے 6 مرکزی نالوں کے لیے ٹینڈر شائع

ڈنگہ (میاں احتشام اللہ اسلم) ایم این اے چوہدری نصیر عباس سدھو کی سفارش پر 8 محلوں کے نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لئے 6 کروڑ روپے کی لاگت سے نکاسی آب کے 6 مرکزی نالوں کی تعمیر کے لئے ٹینڈر شائع۔ تفصیلات کے مطابق عوامی مطالبہ پر نکاسی آب کے مرکزی نالوں کی تعمیر کے لئے ایم این اے چوہدری نصیر عباس سدھو نے انچارج ترقیاتی پروگرام قیصر اسحاق مغل کو ان محلوں کے سروے کروا کر انتہائی ضروری نالوں کی تعمیر کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کی۔ جس پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈنگہ چوہدری عرفان احمد گوندل سے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے لوگ لے کر خود تمام علاقوں کا سروے کروایا۔ جس کے بعد انہوں نے 6 محلوں کی سفارشات ایم این اے کو تیار کر کے دیں۔ ایم این اے چوہدری نصیر احمد عباس سدھو نے ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین قریشی سے میٹنگ کے بعد منصوبے ڈسٹرکٹ کونسل گجرات سے منظور کروائے۔ جن کے گزشتہ روز نالوں کی تعمیر کے ٹینڈرز شائع کروا دیئے۔ ٹینڈرز کے مطابق اور انچارج ترقیاتی پروگرام قیصر اسحاق مغل نے بتایا کہ حیدر چوک سے سیم نالا براستہ جرال گارڈن‘ واپڈا آفس سے شاہ تکیہ پلی تک‘ نکیسی آب کا وہ نالا جس کے باعث درس گاہ روڈ پر بارش کے بعد پانی کھڑا نہیں ہو گا۔ تیسرا نالا شاہ تکیہ پلی سے محلہ ڈیرہ بلہڑاں تک نکاسی آب کا بڑا نالا۔ محلہ لوکڑی مکڑاں میں چوک لوکڑی مکڑاں سے پھالیہ اڈا سیم نالا تک نکاسی آب کا بڑا نالا۔ آر ایچ سی ہسپتال سے شروع کر کے کولیاں چوک تک نالا جس سے محلہ اسلام آباد سمیت تمام ملحقہ محلوں کے پانی کی نکاسی آسان ہو گی اور سڑک پر پانی کھڑا نہیں ہو گا۔ چھٹا نالا راجہ پور محلہ سے سیم نالا تک نالا تعمیر ہو گا جس سے محلہ راجہ پور کا نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ قیصر اسحاق مغل نے مزید کہا ہے کہ ان نالوں کی تعمیر سے سڑکوں پر جمع رہنے والا پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ایم این اے چوہدری نصیر احمد عباس سدھو عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان منصوبوں کی تعمیر میں معاونت پر ڈپٹی کمشنر گجرات‘ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کھاریاں اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دنگہ کی معاونت پر ان کے شکر گزار ہیں۔