گلیانہ (انصر فاروق مغل) ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایات پر ضلع بھر میں پتنگ فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ڈی ایس پی لالہ موسیٰ سرکل چوہدری احسان ظفر سندھو کی زیر نگرانی لالہ موسیٰ سرکل پولیس نے کامیاب کارروائی کی۔ ایس ایچ او تھانہ رحمانیہ انسپکٹر رائے فیاض احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 45 عدد پتنگیں اور کیمیکل ڈور برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان میں زین علی ولد محمد اکرم، اربیش ولد محمد حسین اور زین العابدین ولد فیض احمد شامل ہیں، جو ضلع منڈی بہاولدین کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق پتنگ فروشی اور پتنگ بازی ایک جان لیوا کھیل ہے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، اس لیے والدین اپنے بچوں کو اس خطرناک فعل سے دور رکھیں۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




