ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا کہنا ہے کہ ٹیم کو بھارت بھیجنے کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مشیر کھیل بنگلادیش ڈاکٹر آصف نذرل اور بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اجلاس کے بعد مشیر کھیل ڈاکٹر آصف نذرل نے واضح اعلان کیا کہ بنگلادیش ٹیم ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔
ڈاکٹر آصف نذرل کا کہنا تھا کہ ہم کھیلنا چاہتے ہیں اور اب بھی امید ہے کہ آئی سی سی ہماری بات تسلیم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، بھارت میں ہمیں سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے، آئی سی سی نے ہمارے تحفظات کو تسلیم نہیں کیا جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے ہمیں قائل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش بھی نہیں کی گئی۔
مشیر کھیل کے مطابق ورلڈکپ کے بائیکاٹ کا فیصلہ حکومت کا ہے۔ بنگلادیش نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز کروانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈکپ کھیلنا چاہتے ہیں اور ورلڈکپ کے لیے وینیو سری لنکا ہونا چاہیے۔ کرکٹرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وہ ہمارے مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔
دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے کہا ہے کہ ہم اس معاملے کو آخر تک لے کر جائیں گے، یہ ہمارا حق ہے اور ہم آئی سی سی سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت نہیں جائیں گے اور سری لنکا میں کھیلنا چاہتے ہیں۔





