بنگلا دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے کہا ہے کہ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھارتی دباؤ کے آگے جھکتی ہے اور بنگلا دیش پر غیر منطقی دباؤ ڈالا جاتا ہے تو یہ صورتِ حال کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے کہنے پر بنگلا دیش پر دباؤ ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔
آصف نذرل کا کہنا تھا کہ بھارت میں کھیلنے کے حوالے سے بنگلا دیش کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اگر آئی سی سی نے بھارتی دباؤ کے تحت فیصلے کیے تو بنگلا دیش اس کے خلاف مؤثر ردِعمل دے گا۔
انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش نے وینیو تبدیل کرنے کی بات حقیقی وجوہات کی بنیاد پر کی ہے، نہ کہ کسی دباؤ کے تحت۔





