کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) اسسٹنٹ کمشنر سراۓ عالمگیر فاروق اعظم نے ریونیو فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پلس پروگرام کے تحت پارٹیشن کیسز اور وراثتی انتقالات (ونڈا جاتا) سے متعلق معاملات کی باریک بینی سے جانچ کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ریونیو عملے کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے وراثتی انتقالات اور پارٹیشن کیسز کو بروقت نمٹایا جائے اور تمام معاملات میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پلس پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کرنے پر بھی زور دیا۔
فاروق اعظم نے واضح کیا کہ ریونیو فیلڈ اسٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، ذمہ داری اور فعال انداز میں ادا کرے تاکہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔





