لندن: عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کو اکیسویں صدی کا بہترین ایتھلیٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی درجہ بندی میں میسی نے تمام کھیلوں کے نامور ستاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
یہ فہرست اکیسویں صدی کے پہلے پچیس برس مکمل ہونے کے موقع پر تیار کی گئی، جس میں مختلف کھیلوں کے 25 عظیم کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔ میسی کے بعد امریکی فٹبالر لیجنڈ ٹام بریڈی دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ اولمپکس کے سب سے کامیاب ایتھلیٹ امریکی تیراک مائیکل فیلپس تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹینس کی عظیم کھلاڑی سرینا ولیمز چوتھے، تیز ترین انسان یوسین بولٹ پانچویں اور باسکٹ بال سپر اسٹار لیبرون جیمز چھٹے نمبر پر ہیں۔ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اس فہرست میں دسویں پوزیشن پر رہے۔ ان سے آگے نوواک جوکووچ، سیمون بائلز اور کوبی برائنٹ کو رکھا گیا۔
کھیلوں کے دیگر عظیم کھلاڑیوں میں ٹائیگر ووڈز، راجر فیڈرر، رافیل نڈال، اسٹیفن کری، لیوس ہیملٹن، مائیکل شوماخر، شوہے اوہتانی اور مارٹا شامل ہیں۔
میسی اس وقت امریکی کلب انٹر میامی اور ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کپتان ہیں۔ انہوں نے 2022 میں قطر میں ہونے والا فٹبال ورلڈ کپ جیت کر اپنے کیریئر کا سب سے بڑا خواب پورا کیا۔ رواں ماہ ہی میسی نے انٹر میامی کو اپنی تاریخ کی پہلی میجر لیگ سوکر چیمپئن شپ دلائی اور گولڈن بوٹ سمیت مسلسل ایم وی پی ایوارڈز حاصل کیے۔





