اکتوبر 29, 2026

لکی مروت: تختی خیل میں دہشت گرد حملہ، 2 پولیس اہلکار اور 1 شہری جاں بحق، 18 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ سرائے نورنگ کے علاقے تختی خیل میں دہشت گردوں نے حملہ کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 18 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہونے کے بعد دورانِ علاج جاں بحق ہو گیا۔ اس کے علاوہ ایک شہری بھی حملے میں ہلاک ہوا۔

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کے مطابق دہشت گردوں نے ڈرون سے حملہ کیا اور فائرنگ کرکے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تختی خیل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔