سعودی عرب (ادریس احمد سے )سعودی عرب میں پاکستانی شعراء اور ادباء کی نمائندہ معروف ادبی تنظیم عالمی حلقۂ فکروفن کے زیرِ اہتمام “شامِ دسمبر” کے عنوان سے ایک پُروقار ادبی و شعری نشست منعقد ہوئی جس میں اہلِ ذوق نے بھرپور شرکت کی،ریاض میں منعقدہ اس تقریب کی صدارت سید طیب رضا کاظمی نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مشاعرہ ہمارا تہذیبی ورثہ اور علم و آگہی کا مؤثر وسیلہ ہے جبکہ صدر عالمی حلقۂ فکروفن وقار نسیم وامق نے کہا کہ مشاعرے اور شعری نشستیں نہ صرف شاعری کی نئی جہتوں سے روشناس کراتی ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے تربیتی مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ مہمانانِ خصوصی نامور شاعر شجاع الزمان شاد اور سماجی رہنما عزیزالرحمن مجاہد نے نوجوان شعراء کے کلام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی شعراء کے ہاں کلام کی پختگی اور فکری سنجیدگی نمایاں ہے انہوں نے عالمی حلقۂ فکروفن کی ادبی سرگرمیوں کو بے حد سراہا اور کہا کہ فکروفن بیرونِ ملک پاکستانی ادب کی بہترین نمائندہ تنظیم ہے۔ قبل ازیں وائس چیئرمین عالمی حلقہء فکروفن عدنان اقبال بٹ اور کنوینئر مخدوم امین تاجر نے بھی شرکائے محفل سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے فکروفن کی ادبی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور آئندہ تقریبات کا اعادہ کیا جبکہ تیمور نواز نے ہدیہء نعتٌ اور ملک اشتیاق ہیرا نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی۔ محفل میں شعرائے فکروفن پروفیسر ساجد محمود، مزمل بانڈے، کامران حسانی، انیب ارشد، ضواق ذکی، زرین مجبور، وقار نسیم وامق، شجاع شاد، طیب رضا کاظمی اور دیگر شعراء نے اپنے منفرد اور دلکش کلام سے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔





