منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور) اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل)/سیکرٹری ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل شہلا مبین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2025 کی آگاہی مہم اور صارفین کے مسائل کے حل کے لیے منڈی بہاوالدین شہر کی مارکیٹس اور بازاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دکانداران اور عوام الناس میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
دورے کے دوران مختلف دکانداروں اور تاجروں کی طرف سے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 19 ہزار روپے کے جرمانے اور وارننگز جاری کی گئیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) شہلا مبین نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل منڈی بہاوالدین بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے اور ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور وارننگز جاری کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے تاجروں اور دکانداروں کو واضح ہدایت دی کہ پرائس لسٹ لازمی آویزاں کریں، فروخت کی گئی اشیاء کی رسید جاری کریں، اشیاء کی ترکیب و ترتیب واضح ہو، اور تاریخ تیاری اور تاریخ اختتام کے بغیر کوئی چیز فروخت نہ کریں۔ بصورت دیگر پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2025 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔





