راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کے بولر آصف آفریدی نے منفرد اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے۔
پیر کے روز پاکستان کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر آصف آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، اور وہ 38 برس اور 299 دن کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ اس کے ساتھ آصف آفریدی 21 ویں صدی میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے دنیا کے سب سے عمر رسیدہ بولرز میں شامل ہو گئے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے دوسرے عمر رسیدہ کھلاڑی ہیں، اس سے قبل میران بخش نے 1955 میں 47 سال کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے عمر رسیدہ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی انگلینڈ کے جیمز ساؤتھرٹن ہیں، جنہوں نے 49 سال اور 119 دن کی عمر میں 1877 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل اختتام پذیر ہو گیا، اور پاکستان نے 5 وکٹوں پر 259 رنز بنا لیے ہیں۔





