گجرات (پ۔ر)جامعہ گجرات کے شعبہ علومِ اسلامیہ کے زیراہتمام ایک علمی و فکری نشست ”مسلم خاتون کا کردار‘ اور عصر حاضر کے چیلنجز‘ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔خصوصی نشست کی مہمانِ خصوصی جامعہ ازہر (مصر) کی ممتاز اسکالر اور مشیرِ شیخُ الازہر ڈاکٹر نَہلَۃُ الصَّعِیدِی تھیں۔صدارت کا فریضہ ڈین فیکلٹی برائے آرٹس پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے سرانجام دیا۔ڈاکٹر نَہلَۃُ الصَّعِیدِی نے اپنے پُراثر خطاب میں کہا کہ مسلم خاتون امت کی فکری و اخلاقی تربیت، سماجی توازن اور ترقیِ معاشرہ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ عصرِ حاضر کے فکری و اخلاقی چیلنجز کا مقابلہ علم وحکمت اور روحانی بصیرت کے امتزاج سے ممکن ہے۔پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے کہا کہ یہ نشست بین الاقوامی علمی تعلقات کے فروغ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔شعبہ علومِ اسلامیہ کے سربراہ ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری نے ڈاکٹر نَہلَۃُ الصَّعِیدِی کا پُرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ“مشیرِ شیخ الازہر کی جامعہ گجرات آمد ہمارے لیے علمی و روحانی اعزاز ہے۔ یہ نشست طلبہ کے لیے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہوئے ان کی اخلاقی و روحانی تربیت کا باعث ہو گی۔خصوصی نشست کے اختتام پر ڈاکٹر نَہلَۃُ الصَّعِیدِی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ ڈاکٹر نَہلَۃُ الصَّعِیدِی کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔





