اکتوبر 29, 2026

بھارتی اداکار تھلاپتی وجے کی ریلی میں بھگدڑ، 36 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کرور میں معروف فلمی اداکار اور سیاسی رہنما جوزف وجے چندرا شیکھر المعروف تھلاپتی وجے کی ریلی ایک بڑے سانحے میں بدل گئی، جہاں بھگدڑ مچنے کے باعث 36 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وجے کی سیاسی جماعت تامیلاگا ویٹری کازگام (TVK) کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں عوام کی غیر متوقع طور پر بڑی تعداد شریک ہوئی۔ منتظمین نے تقریباً 30 ہزار افراد کی آمد کی توقع کی تھی، مگر ریلی میں 60 ہزار سے زائد افراد جمع ہو گئے، جس کے باعث شدید افراتفری پیدا ہو گئی۔

افسوسناک طور پر بھگدڑ کے نتیجے میں 6 بچے اور 16 خواتین بھی جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق، زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق، واقعہ تھلاپتی وجے کے خطاب کے دوران پیش آیا، جس پر انہوں نے اپنی تقریر روک دی اور اسٹیج سے پانی کی بوتلیں پھینک کر لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش بھی کی۔ تاہم، شدید ہجوم اور افراتفری کے باعث ایمبولینسوں کو متاثرین تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا۔

یہ واقعہ نہ صرف وجے کے مداحوں کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے صدمے کا باعث بنا ہے۔ سیکیورٹی اور ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور امکان ہے کہ انتظامیہ اور پارٹی قیادت کو اس حوالے سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔