جولائی 27, 2026

جہلم: پہلا کوثر منصور فاروقی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ 15 ستمبر بروز اتوار صبح 9 بجے ٹینکی گراؤنڈ بلال ٹاؤن میں شروع ہوگا

جہلم(چوہدری عابد محمود)جہلم میں پہلا کوثر منصور فاروقی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ 15 ستمبر بروز اتوار صبح 9 بجے شاندار طریقے سے ٹینکی گراؤنڈ بلال ٹاؤن میں منعقد ہوگا۔ پنجاب ہائی وے کے مشہور آفیسر مرحوم کوثر منصور فاروقی کی یاد میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کو جہلم کی ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی حاصل ہے، جس کے تحت اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں، مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور پاکستان نیشنل سینٹر کے سابق آفیسر، صحافی اور بین الاقوامی مترجم طاہر منصور فاروقی ہوں گے۔ ٹورنامنٹ دو ٹیموں شاہد منصور فاروقی کرکٹ الیون بمقابلہ نوید انجم فاروقی کرکٹ الیون کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں مقامی اور قومی سطح کے کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنائی گئی ہے، جن میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، سیالکوٹ، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، اور جہلم کے نمایاں کھلاڑی شامل ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ جہلم کے تعاون سے یہ ایونٹ کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم قدم ہوگا، جس سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ جہلم میں کھیلوں کے کلچر کو بھی فروغ ملے گا۔