جون 17, 2026

گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کمرشلز جہلم میں 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ، شاندار تقریب کا انعقاد

جہلم (ڈسٹرکٹ رپورٹر ڈاکٹر تصور حسین مرزا) گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کمرشلز جہلم میں 77 واں یوم آزادی (جشن آزادی) قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ کالج میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر (کالجز) جہلم ڈاکٹر حبیب الرحمان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کالج کے تمام سٹاف اور طلباء کی بڑی تعداد نے اپنے جوش و جذبے اور حب الوطنی کو اجاگر کرنے کے لیے اس تقریب میں شرکت کی۔ طلباء کی جانب سے تقاریر اور قومی ترانے پیش کیے گئے جن میں حب الوطنی کا اظہار کیا گیا۔ مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر (کالجز) جہلم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں طلباء اور اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تقریب کے احسن طریقے سے انعقاد پر طلباء اور کالج کی انتظامیہ کی تعریف کی۔کالج کے پرنسپل پروفیسر طارق عزیز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس دن ایک پودا لگائیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر (کالجز) جہلم نے کالج کے فرنٹ لان میں آڑو کا پودا لگا کر کالج میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ ادارہ کے پرنسپل پروفیسر طارق عزیز پرنسپل نے مہمان خصوصی، سٹاف اور طلباء کا تقریب کے شاندار انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔