اپریل 17, 2026

ملکی سلامتی کیلئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی:سالک حسین

گجرات(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی و سائل چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ شانگلہ میں خودکش حملے کے نتیجے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ دکھ کے اس موقع پر ان کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔ نہتے لوگوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بزدلی کا ثبوت ہے۔ پاکستان میں کام کرنے والے دوسرے ممالک کے افراد پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے اور یہ حملہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ دشمن پاکستان میں آکر کام کرنے والے سرمایہ کاروں کو بدظن کرنا چاہتا ہے۔ لیکن پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مسلسل اس دہشتگردی کے ناسور سے نبرد آزما ہیں اور انشاء اللہ جلد اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی۔اللہ تعالیٰ دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں ہمیں کامیابی عطا فرمائے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مزید اپنے بیان میں کہا کہ تربت نیول ائیر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملکی امن کو سبوتاژ کرنے والی ہر کوشش کو کچلنے کے لیے تیار ہیں۔ ملکی سلامتی کے لیے اپنے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کی حفاظت فرمائے۔