اکتوبر 28, 2026

جامعہ ضیائے کرم دھوریہ میں سالانہ ختمِ پاک و محفلِ ذکر و نعت کا انعقاد، مصری قرائے عظام کی شرکت

کھاریاں (میاں محمد طاہر رشید): جامعہ ضیائے کرم، اُتم روڈ دھوریہ کھاریاں کے زیرِ اہتمام حضور ضیاء الامت علیہ الرحمہ کے مریدِ صادق، الحاج سجاد احمد چشتی علیہ الرحمہ کے ایصالِ ثواب کے لیے سالانہ ختمِ پاک و محفلِ ذکر و نعت کا روح پرور اجتماع منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام، قرائے عظام، نعت خوانانِ رسول ﷺ اور اہلِ علاقہ سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ محفل میں تلاوتِ قرآنِ مجید، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور علمی و اصلاحی خطابات کا اہتمام کیا گیا۔

اجتماع سے استاذ العلماء حضرت علامہ مولانا پیر محمد اسلم رضوی، مدرس دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف و خلیفۂ مجاز بھیرہ شریف نے خصوصی خطاب کیا، جبکہ علامہ مولانا شعیب شہباز، فاضل بھیرہ شریف و خطیب جامعہ ضیائے کرم نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے قرآنِ مجید کی عظمت، اس کی تعلیمات پر عمل، دینی و اخلاقی تربیت اور معاشرتی اصلاح کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ کریم انسانیت کے لیے سرچشمۂ ہدایت اور مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ معاشرے میں مثبت تبدیلی اور نئی نسل کی بہتر تربیت کے لیے ضروری ہے کہ قرآنی تعلیمات کو سمجھ کر انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔

محفل کی نمایاں خصوصیت مصر سے تشریف لانے والے قرائے کرام کی شرکت تھی۔ فضیلۃ الشیخ القاری محمد عمرو سلیم المنیاوی اور فضیلۃ الشیخ القاری محمد عصام الظواہری نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی، جبکہ وزیرآباد سے تشریف لانے والے قاری وقار احمد نعیمی نے بھی اپنی خوش الحان تلاوت سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ معروف نعت خواں محمد حسنین رضا قادری کھاریاں، شاگردِ اویس رضا قادری، نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔

اس موقع پر سید مدثر شریف شاہ، انوار الحسن شاہ، سید مزمل حسین شاہ، سید ندیم شاہ، سید شبیر حسین شاہ، سید مفتی شہریار شاہ، سید نوید مشتاق شاہ، علامہ قاری ارشد محمود ٹھلہ، پروفیسر حفیظ الرحمن، ڈاکٹر غلام رسول، حافظ اشفاق احمد، قاری خضر حیات، قاری نواز، قاری رجب علی چشتی، قاری ثاقب نقشبندی، قاری عمران نقشبندی اور میاں صدیق تبسم سمیت دیگر علمائے کرام اور معززین بھی موجود تھے۔

جامعہ ضیائے کرم کی دینی و تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل میں حاجی عمر احمد صاحب (ناروے) اور دیگر محبین کا مالی تعاون بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے تعاون سے ادارے کے درس و تدریس اور دیگر انتظامی و تعلیمی امور کی انجام دہی میں مدد ملتی ہے۔ دینی اداروں کی سرپرستی اور تعلیم و تربیت کے لیے مالی معاونت کو قابلِ قدر خدمت قرار دیتے ہوئے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ حاجی عمر احمد صاحب کو اس تعاون کا بہترین اجر عطا فرمائے اور اسے ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے۔

اجتماع کے دوران مرحوم الحاج سجاد احمد چشتی علیہ الرحمہ کے ایصالِ ثواب کے لیے ختمِ پاک، ذکر و اذکار اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔ مقررین نے جامعہ ضیائے کرم کی دینی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے علمی و روحانی اجتماعات قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ، نئی نسل کی دینی تربیت اور معاشرے میں اسلامی اقدار، محبت و اخوت کے استحکام کا ذریعہ بنتے رہیں گے۔

محفل کے اختتام پر جامعہ ضیائے کرم کی انتظامیہ نے تمام علمائے کرام، قرائے عظام، نعت خوانانِ رسول ﷺ، معزز مہمانوں اور اہلِ علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔ شرکائے محفل کے لیے بہترین لنگر شریف کا وافر مقدار میں اہتمام کیا گیا تھا، جس سے حاضرین کی تواضع کی گئی۔