ستمبر 22, 2026

27 ستمبر کو لانگ مارچ، سہیل آفریدی کا اعلان: احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈٹے ہوئے ہیں اور 27 ستمبر کو لانگ مارچ کریں گے، احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے انتشاری سیاست کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے تمام آئینی اور سیاسی راستے اختیار کیے، تاہم شنوائی نہ ہونے پر لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا۔ سہیل آفریدی کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 27 ستمبر کو نکلنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چور دروازے سے نہیں بلکہ عوامی حمایت اور جمہوریت کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں اور وزیراعلیٰ بننے کے بعد کوئی احتجاج نہیں کیا۔

سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لیا گیا اور عدالتی احکامات کے باوجود انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے 26 نومبر 2024 کے بعد کارکنوں کے خلاف مبینہ جبر کا بھی ذکر کیا۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جا رہی اور لاء اینڈ آرڈر کو ہاتھ میں نہیں لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور احتجاج کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز اٹھائے گی، جبکہ اسلام آباد آمد کے موقع پر ہر طرف پاکستان کے جھنڈے ہوں گے۔