پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے دورہ انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے لیڈز کی پچ پر موجود گھاس کو دیکھتے ہوئے ابتدائی حکمت عملی پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں 7 اسپیشلسٹ بیٹرز اور 4 اسپیشلسٹ فاسٹ بولرز کو میدان میں اتارنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گھاس والی پچ اور لیڈز میں بارش کی پیشگوئی کے باعث اسپنر ساجد خان یا علی عثمان کو پلئینگ الیون کا حصہ بنانے کی تجویز فی الحال زیرِ غور نہیں ہے۔ دوسری جانب بابر اعظم اور شان مسعود کی دستیابی کے حوالے سے مینجمنٹ پرامید ہے اور ان کی شرکت کا حتمی فیصلہ آج ہونے والے پریکٹس سیشن کے بعد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پہلے پریکٹس سیشن کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے بیٹرز اور بولرز کی الگ الگ میٹنگز کیں، جن میں بولرز کو انگلینڈ کے بیٹرز اور بیٹرز کو انگلش بولرز کی کارکردگی پر مبنی ویڈیوز دکھا کر پلان ترتیب دیا گیا۔



