ستمبر 10, 2026

مذاکرات نے امریکہ کو مفاہمت پر مجبور کیا، معاہدے کا بہترین وقت ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ کامیاب سفارتکاری اور مذاکرات کی وجہ سے امریکہ ایران کے ساتھ مفاہمت کی راہ اپنانے پر مجبور ہوا ہے، اور کسی بھی معاہدے پر پہنچنے کے لیے موجودہ صورتحال سب سے بہترین وقت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ کے لیے لازم تھا کہ وہ ایران اور عمان کی مشترکہ گائیڈلائنز پر عمل درآمد کرتا، لیکن ایسا نہ ہونے پر ایران کو مجبوراََ ردعمل دینا پڑا۔ صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ معاہدے کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے ایک باقاعدہ ٹیم پر کام جاری ہے اور ایران اپنے قومی وقار کے ساتھ اس راستے پر آگے بڑھے گا۔

امریکی کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ کو مجرم اور استعماری حکومت قرار دیا اور عزم ظاہر کیا کہ امریکہ کے حوالے سے ایران کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ایرانی صدر نے قوم کو خبردار کیا کہ امریکہ اور اسرائیل یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ جنگ کے ذریعے ایرانیوں کو مطیع نہیں بنایا جا سکتا، اس لیے وہ داخلی انتشار اور تقسیم کو بطور ہربہ استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے قومی اتحاد اور استقامت ناگزیر ہے۔