اگست 3, 2026

کام کرنے کی آزادی اور رول دیں، ہاتھ نہ باندھے جائیں، سابق کپتان یونس خان کا بیان

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم یونس خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کئی چیئرمینز سے بات چیت میں ہمیشہ یہ کہا ہے کہ اگر انہیں کوئی رول دیا جائے تو کام کرنے کا پورا موقع دیا جائے اور ان کے ہاتھ نہ باندھے جائیں، کیونکہ انہیں پاور نہیں بلکہ کام کرنے کی آزادی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت سنتے ہیں کہ یونس خان کو پاور چاہیے، لیکن وہ پاور لے کر کیا کریں گے، ان کے لیے پاور یا پیکج سے زیادہ کام کی آزادی اور ڈیلیوری اہم ہے، اور اگر وہ پیکج کے لیے بات کریں گے تو ٹیم میں سب سے کمزور پوزیشن پر موجود کھلاڑی کے لیے بات کریں گے۔

یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں ان کی واپسی ممکن ہے، اس کے لیے کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی کیونکہ 2003 کے ورلڈ کپ کے بعد بھی سینئر کھلاڑیوں کے جانے پر انہوں نے ذمہ داری اٹھائی تھی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر کھلاڑی بڑا سوچیں گے تو اس کے نتائج بھی بڑے اور مثبت آئیں گے۔