ڈنگہ (نامہ نگار) – سینئر ممبر بجلی اپ گریڈیشن پروگرام مرزا فاروق زمان نے کہا ہے کہ بعض سیاسی درگاہوں کے مجاور مخلص لیڈرز پر تنقید کرنے سے قبل کچھ سوچا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم این اے چوہدری نصیر احمد عباس سدھو نے اگر ڈنگہ کی نواحی آبادیوں کو پہلی بار بجلی کی سہولت دی ہے یا وولٹیج سے تباہ حال لوگوں کو نئے ٹرانسفارمرز لگوا کر دیے ہیں تو اس میں ان کی مخلصانہ کوشش شامل تھی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دو برس قبل ہر ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، اس وقت ان لوگوں کو نظر کیوں نہیں آیا کہ عوامی نمائندے اس کا حل نکالیں، اور جتنی شدید بارشیں ہو رہی ہیں یا گرمی ہے، اگر بجلی اپ گریڈیشن نہ ہوتی تو آج اہل ڈنگہ کو پتہ چل جاتا کہ کیا حال ہوتا۔
مرزا فاروق زمان نے مزید کہا کہ اگر منگلا سے بجلی بند ہوتی ہے، فورسڈ بندش کی جاتی ہے یا بیوٹی فیکیشن والے گیپکو سے جا کر پرمٹ لا کر بجلی بند کر دیتے ہیں، تو اس کا بجلی اپ گریڈیشن سے کیا تعلق ہے اور نہ ہی اس میں ایم این اے کا کوئی ذمہ بنتا ہے۔ اس لیے شہریوں سے گزارش ہے کہ اگر کوئی لیڈر کام کرتا ہے یا ترقی کے لیے محنت کرتا ہے، تو اس پر تنقید برائے تنقید کرنے کے بجائے مثبت سوچ رکھیں تاکہ وہ اور بھی کام کروا سکے۔





