جولائی 16, 2026

آئی سی سی کا ورلڈ کپ فارمیٹس میں بڑا تبدیلیوں کا فیصلہ، میگا ایونٹس اب مزید سنسنی خیز ہوں گے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مقبولیت بڑھانے کے لیے مقابلوں کے ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔ 14 ٹیموں والے ون ڈے ورلڈ کپ میں اب تین مرحلے ہوں گے، جس کا آغاز ‘سپر سیریز’ سے ہوگا، جبکہ اس کے بعد 12 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہو کر ‘سپر 7’ مرحلے تک پہنچنے کی جنگ لڑیں گی۔ اس نئے فارمیٹ کا بنیادی مقصد ٹورنامنٹ کے ہر میچ کی اہمیت اور شائقین کے لیے دلچسپی کو برقرار رکھنا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ‘سپر 8’ کی جگہ ‘سپر 10’ کا مرحلہ شامل کیا گیا ہے، جہاں 20 ٹیمیں ابتدائی راؤنڈز کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کے لیے سخت مقابلے کریں گی۔ اس نئے نظام میں سیمی فائنل سے قبل پہلی بار ‘ایلیمینیٹر’ میچز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی، آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کو عالمی سطح پر مزید مواقع دینے کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل ایک الگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔