وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے محکمہ کسٹم میں 400 کلو چاندی کو سیسے سے تبدیل کرنے کے اہم کیس میں بڑی پیشرفت کرتے ہوئے سابق کلکٹر کسٹم ڈاکٹر کرم الہٰی سمیت مزید 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، رواں سال اپریل میں سامنے آنے والے اس کیس کی تحقیقات جدید ڈیجیٹل فارنزک اور انٹیلی جنس کی مدد سے مکمل کی گئیں۔ مقدمے میں انکشاف ہوا کہ خالص چاندی کے ایک کلو کے بسکٹوں کو جعلی سیسے کے بسکٹوں سے تبدیل کیا گیا تھا۔
اس سے قبل، اس کیس میں دو پریوینٹیو افسران عارف علی اور سمیع اللہ کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن کے قبضے سے 214 کلو چوری شدہ چاندی اور 49 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے تھے۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دو انسپکٹرز سمیت دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔





