جولائی 13, 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026: دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا شاندار کم بیک، مصر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کر لی

امریکا کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 (پری کوارٹر فائنل) کے ایک انتہائی سنسنی خیز میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ میچ کے پہلے ہاف میں مصر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور یاسر ابراہیم نے پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد ارجنٹینا کو برابری کا سنہری موقع پنالٹی اسٹروک کی صورت میں ملا لیکن کپتان لیونل میسی مصری گول کیپر مصطفیٰ شبیر کو چکمہ نہ دے سکے اور گیند روک دی گئی۔ اس کے بعد مصر کے مصطفیٰ زیکو کا ایک گول فاؤل قرار دیا گیا، تاہم انہوں نے جلد ہی دوسرا شاندار گول داغ کر مصر کی برتری 0-2 کر دی۔ دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد ارجنٹینا نے دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں ناقابلِ یقین واپسی کی؛ جہاں 80 ویں منٹ میں پہلا گول اسکور ہوا اور اس کے محض 3 منٹ بعد ہی لیونل میسی نے دوسرا گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا نے تیسرا گول کر کے کامیابی اپنے نام کی؛ ارجنٹینا کی جانب سے رومیرو، لیونل میسی اور فرننڈیز نے گول اسکور کیے جبکہ مصر کی طرف سے یاسر ابراہیم اور مصطفیٰ زیکو نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ میچ کے دوران مصری ٹیم کے ہیڈ کوچ حسام حسن کو ریفری کے فیصلوں پر شدید احتجاج اور بحث کرنے پر پیلا کارڈ بھی دکھایا گیا، اب کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ کولمبیا اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔