جولائی 13, 2026

سعودی عرب میں پاکستانی آموں کی خوشبو بکھر گئی، ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام شاندار مینگو فیسٹیول کا انعقاد

سعودی عرب (ادریس احمد سے) سفارت خانہ پاکستان ریاض کے زیرِ اہتمام ایک رنگا رنگ اور شاندار مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ معیار کے آموں کی متعدد اقسام نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان برائے سعودی عرب احمد فاروق تھے، جبکہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ منسٹر ڈاکٹر شگفتہ سمیت سعودی شہریوں، سفارتی شخصیات، کاروباری حلقوں اور پاکستانی کمیونٹی نے اس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش میں پاکستان کی مشہور اقسام جیسے سندھڑی، چونسا، انور رٹول، لنگڑا، دوسہری، سرولی، سفید چونسا، کالا چونسا، فجری، طوطا پری، بہشتی اور مالدہ کے اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں شرکاء نے آموں کے منفرد ذائقے اور مٹھاس کو چکھا اور ان کے اعلیٰ معیار اور خوشبو کی زبردست پذیرائی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین آم پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور اس کے آم اپنی لاجواب مٹھاس اور معیار کی بدولت سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی ثقافتی اور تجارتی سرگرمیاں پاک سعودی عوامی روابط کو مزید گہرا کرنے اور باہمی زرعی تجارت کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ فیسٹیول کے منتظمین کے مطابق اس شاندار تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد سعودی مارکیٹ میں پاکستانی آموں کی ترویج، ملکی برآمدات میں اضافہ اور دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت اور روشن تشخص کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ہے۔