جون 24, 2026

ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ: روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ، بھارت نے پاکستان کو 3-4 سے ہرا دیا، قومی ٹیم اگلے سیزن سے باہر

ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں بھارت نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ لندن میں کھیلے گئے اس روایتی حریفوں کے میچ کے پہلے کوارٹر میں پاکستان نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 8 ویں منٹ میں ندیم احمد نے پنالٹی کارنر پر بہترین گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد بھارت نے لگاتار چار پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن پاکستانی گول کیپر علی رضا نے شاندار کیپنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا اور پہلا کوارٹر پاکستان کی 0-1 کی برتری پر ختم ہوا۔

دوسرے کوارٹر میں کھیل کا پانسہ پلٹ گیا جب بھارت کے ابشیک نے گول کر کے مقابلہ برابر کیا اور کچھ ہی دیر بعد بھارتی ٹیم دوسرا گول کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی۔ تیسرے کوارٹر میں بھارت کے سرجیت سنگھ نے گول کر کے برتری کو دگنا کیا جبکہ چوتھے کوارٹر میں بھارت کے رجندر سنگھ نے ایک اور گول داغ کر اسکور 1-4 کر دیا۔ اس نازک موقع پر پاکستان کے کپتان ابوبکر نے دوسرا گول کر کے خسارہ کم کیا، اور کھیل ختم ہونے سے محض 10 سیکنڈ قبل پاکستان کے شکیل نے تیسرا گول اسکور کیا۔ میچ میں بھارت نے 11 اور پاکستان نے 8 پنالٹی کارنر حاصل کیے۔ پرو لیگ میں مسلسل 13 میچز میں ناکامی کے بعد پاکستان ٹیم لیگ کے آئندہ سیزن کی دوڑ سے بھی باہر ہو گئی ہے۔