جہلم (محمد زاہد خورشید) ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (HDA) پاکستان کے پلیٹ فارم سے پاک ہومیو کلینک ماڑی جبر میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
کیمپ میں ہومیوپیتھک ڈاکٹر فدا حسین صاحب نے خصوصی طور پر معذور / سپیشل بچوں اور دیگر مستحق مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔ کیمپ کا مقصد غریب اور نادار افراد تک معیاری ہومیوپیتھک علاج کی سہولت پہنچانا تھا۔
اس موقع پر ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر واصف حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ HDA کا مشن خدمتِ خلق اور ہومیوپیتھی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ایسے فری کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سستے اور بے ضرر طریقہ علاج سے مستفید ہو سکیں۔
کیمپ میں نزلہ، کھانسی، بخار، جوڑوں کا درد، سکن الرجی، معدہ کے امراض اور بچوں کی نشوونما کے مسائل میں مبتلا 200 سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا۔ مقامی عوام نے HDA کی اس کاوش کو سراہا اور ڈاکٹر فدا حسین و ڈاکٹر واصف حسین کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر واصف حسین نے مزید کہا کہ ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نہ صرف فری کیمپس بلکہ ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت اور عوامی آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔
کیمپ کے اختتام پر مریضوں میں فری ہومیوپیتھک میڈیسن تقسیم کی گئیں۔





